کراچی (پ ر): ناردرن بائی پاس پر قائم مویشی دوست منڈی کی انتظامیہ نے حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غلط فہمیوں کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ منڈی انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کا ٹیکس یا فیس وصول نہیں کی جارہی۔
ترجمان کے مطابق، ٹیکس کی وصولی کا تمام تر عمل کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ کے ایم سی کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکس صرف اور صرف شہریوں کو عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی، جراثیم کش اسپرے، اور آلائشوں کی بروقت منتقلی جیسی سہولیات فراہم کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
مویشی دوست منڈی انتظامیہ نے واضح کیا کہ ان کا کام صرف خرید و فروخت کی سہولت، منڈی کا نظم و ضبط، اور جانوروں کی دیکھ بھال سے متعلق ہے۔ ٹیکس کی وصولی منڈی کے ایریا سے باہر اور کے ایم سی کے عملے کی جانب سے کی جا رہی ہے، جس سے منڈی انتظامیہ کا کوئی تعلق نہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں اور قربانی کے جانوروں کی خریداری میں اعتماد کے ساتھ حصہ لیں۔
کے ایم سی نے بھی اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ ان کے تمام اقدامات کا مقصد صرف شہر میں عید کے دوران صفائی اور صحت کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانا ہے، اور اس کا کوئی تجارتی مفاد نہیں۔
