بلوچستان: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع آواران اور کیچ میں دو مختلف آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے تین دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ دو کو زخمی کر دیا۔ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
کراچی میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف ایس بی سی اے کا بڑا ایکشن، متعدد عمارتیں منہدم اور سربمہر
آئی ایس پی آر کے مطابق آواران کے علاقے گیشکور میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ جھڑپ کے دوران انڈین پراکسی تنظیم سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد یونس مارا گیا جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔
دوسری کارروائی ضلع کیچ کے شہر تربت میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں صبر اللہ اور امجد عرف بچھو کو ہلاک کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ دونوں کارروائیوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس اور سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں بھارتی پراکسیز کے ذریعے امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
