کراچی کے ضلع کیماڑی میں اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے خفیہ اطلاع پر لیاری گینگ وار کے ریاست جدگال اور نعیم ڈاڈا گروپ کے منشیات کے اڈے پر کامیاب چھاپہ مارا، جس کے دوران 12 مرد اور ایک خاتون سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پاک فضائیہ ہر قیمت پر فضائی سرحدوں کی حفاظت کرے گی، ایئر چیف کا شہید اسکواڈرن لیڈر کو خراجِ عقیدت
ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے پرانا گولی مار جدگال چوک ندی کنارے واقع ٹھکانے کا محاصرہ کیا، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں محمد نعیم عرف ڈاڈا، محمد ریاض، فضل ڈاڈا، کبیر عرف جھینگو، مزمل، محمد شاہد، مزمل احمد، محمد یونس، حارث، صالح محمد عرف سلو عرف شینا، محمد احسان عرف موٹا، راقب اور ایمان زوجہ مزمل شامل ہیں۔
ایس ایس پی کے مطابق کارروائی میں 13 پستول، 45 کلو چرس، 2 کلو کرسٹل، 4 کلو کرسٹل کیمیکل، ایک کیمیکل مکسچر مشین، 1 کلو ہیروئن، 30 اعلیٰ کوالٹی کے کوک کے کیپسول اور ایک لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے انتہائی سرگرم گروپ سے ہے، جو منشیات فروشی، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور گینگ وار کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
کارروائی سب انسپکٹر راجہ خالد کی قیادت میں اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل کی ٹیم نے انجام دی۔
چھ گرفتار ملزمان کے خلاف پہلے سے درج مقدمات کی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں، جن میں محمد احسان، فضل ڈاڈا، راقب، محمد ریاض، حارث، اور نعیم ڈاڈا شامل ہیں۔
ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دیگر گرفتار ملزمان کا کریمنل ریکارڈ بھی جانچا جا رہا ہے۔
