کراچی: ابراہیم حیدری میں شدید لوڈشیڈنگ کے خلاف ماہی گیر برادری، خواتین اور بچوں نے پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے صدر جان عالم جاموٹ کی قیادت میں بھرپور احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی جاموٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سے شروع ہو کر کے-الیکٹرک کے مرکزی دفتر کے باہر دھرنے میں تبدیل ہوگئی۔
احتجاج میں پاکستان فشر فوک فورم کے چیئرمین مہران علی شاہ، تابش بلوچ، یوسف بلوچ اور دیگر سماجی و سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں روزانہ صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک بجلی بند کی جا رہی ہے جس سے زندگی مفلوج ہو گئی ہے۔ ماہی گیری کے پیشے سے وابستہ افراد کے روزگار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جبکہ بزرگ، خواتین اور بچے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
جان عالم جاموٹ نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کے جی ایم عمران جمیل کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے اور ماہی گیر بستیوں میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ بڑھا کر وزیر اعلیٰ ہاؤس تک لے جایا جائے گا۔
مظاہرین نے کے-الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اعلان کیا کہ وہ پرامن مگر بھرپور احتجاج جاری رکھیں گے جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے۔
