کراچی (اسٹاف رپورٹر) — پاکستان سنی تحریک کے بانی و قائد محمد سلیم قادری کے یومِ شہادت کے موقع پر چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری، مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری، مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے سلیم قادری اور شہید عباس قادری کے مزارات پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مزارات پر حاضری کے بعد رہنما اور کارکنان ناظم آباد قادری ہاؤس پہنچے، جہاں امیر شہدائے میلاد مصطفیؐ شہید محمد عباس قادری کے صاحبزادے علامہ بلال عباس قادری نے ان کا استقبال کیا۔ کارکنان نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی، ہار پہنائے اور مٹھائی تقسیم کی۔
اس موقع پر پاکستان سنی تحریک کے مرکزی عہدیداران کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری، مرکزی صدر علامہ بلال عباس قادری اور سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری نے کی۔ اجلاس میں ملکی صورتحال، پارٹی کی سرگرمیوں، اور اہم قومی ایشوز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں افواج پاکستان سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا گیا اور بھارت کے جارحانہ عزائم کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ چیئرمین ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی کسی بھی بڑی طاقت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ قوم کو اپنی فوج پر فخر ہے، اور بھارت کو اب سمجھ آ گیا ہے کہ پاکستان سے ٹکر لینا اس کے بس کی بات نہیں۔
مرکزی صدر علامہ بلال عباس قادری نے کہا کہ بھارت دنیا کے امن کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے، عالمی طاقتیں اسے لگام دیں۔ پاکستان بڑی قربانیوں سے حاصل کیا گیا، اور پاکستان سنی تحریک بانیانِ پاکستان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی خدمت کر رہی ہے۔
سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری نے کہا کہ دشمنانِ اسلام کی سازشوں سے امت مسلمہ کو متحد ہو کر نمٹنا ہوگا۔ پاکستان سنی تحریک ملک کی بقاء و سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ تنظیمی امور کے لیے مرکز سے رابطے میں رہیں اور سازشی عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شہید قائدین کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا اور ملک و ملت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنایا جائے گا۔
