کراچی: یومِ تشکر کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک، ملک و ملتِ اسلامیہ کی سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں اور توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر (ھلال امتیاز ملٹری، ستارہ امتیاز) نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
ڈپٹی کمشنر آفس میں یومِ تشکر کا شاندار انعقاد، پاک فوج اور پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین
ملیر گیریژن میں یادگار شہداء پر بھی ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیف سیکرٹری سندھ، اعلیٰ فوجی و سول افسران نے شرکت کی۔ شرکاء نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری مسلح افواج دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں، اور پوری قوم اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سرزمین میں شہداء کا خون شامل ہے، جسے کوئی زیر نہیں کر سکتا۔
لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے کہا کہ دشمن کو جو منہ کی کھانی پڑی، وہ ہماری افواج کے جذبۂ ایمانی اور بلند حوصلے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے شہداء کو قوم کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔
سندھ کے دیگر شہروں جیسے پنوں عاقل، حیدرآباد گیریژن، پاکستان کوسٹ گارڈ، سندھ رینجرز ہیڈکوارٹر سمیت دیگر مقامات پر بھی یادگار شہداء پر تقاریب منعقد ہوئیں۔
پاکستان پولیس اور مختلف سول اداروں کی جانب سے بھی آپریشن "بنیان المرصوص” میں کامیابی پر یومِ تشکر منایا گیا۔
