کراچی: ڈپٹی کمشنر آفس ضلع وسطی میں یومِ تشکر کے موقع پر پاک فوج اور پاک فضائیہ کی تاریخی فتح پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں ملک کے دفاع پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت اور افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
یومِ تشکر ایس ایس پی سینٹرل اور ویسٹ کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین قومی پرچم کو سلامی
تقریب میں ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم، ایڈیشنل و اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس کے اعلیٰ افسران، ٹاؤنز کے میونسپل کمشنرز، سندھ ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) کی ڈسٹرکٹ انچارج سحر بھٹو، زکٰوۃ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر، سندھ ایجوکیشن کی فوکل پرسن راحیلہ مسرور سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
تقریب میں ضلع وسطی کے اسکاؤٹس دستوں نے وطن سے محبت اور افواج پاکستان سے یکجہتی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف ٹیبلوز پیش کیے، جبکہ دستگیر گرلز اسکول سمیت دیگر اسکولز کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمے اور تقاریر کے ذریعے سامعین کے دل جیت لیے۔
ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم اور ڈاکٹر قیصر نے قومی پرچم کشائی کی اور بعد ازاں ریلی کی قیادت بھی کی، جس میں اسکول کے بچے، افسران اور دیگر شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم نے کہا:
"آج کا دن اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کا دن ہے، جس نے ہمیں ایک بڑی فوج پر فتح عطا کی۔ دشمن دیکھ لے کہ ہمارے اسکول کے بچے ہی ان کے لیے کافی ہیں۔ آج بچے جوش و جذبے سے سرشار ہیں، ان کے ملی نغمے سن کر دلوں کو سکون ملا۔ پاک فوج نے جس جرأت سے رات کی تاریکی میں حملہ کرنے والے دشمن کو جواب دیا، وہ قابلِ فخر ہے۔”
انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاک فضائیہ نے 3 رافیل طیارے اور 2 دیگر جنگی طیارے مار گرائے، جبکہ 10 مئی کو بھارتی حدود میں داخل ہو کر مؤثر کارروائی کی گئی، جس سے دنیا بھر نے پاک فوج کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔

