ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اہم میڈیا بریفنگ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے 7 اور 8 مئی کی درمیانی رات دوبارہ پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 12 ہیرب ڈرونز بھیجے، جنہیں پاک فوج کے چوکنا جوانوں نے کامیابی سے تباہ کر دیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق، ڈرونز کا ملبہ لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب علاقوں سے برآمد ہوا ہے۔
لاہور میں زوردار دھماکے، فضائی حدود معطل، عوام میں خوف، بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب
انہوں نے بتایا کہ ان حملوں کے نتیجے میں لاہور کے قریب چار جوان زخمی جبکہ میانو سندھ میں ایک شہری شہید ہوا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی یہ کھلی جارحیت ناقابلِ قبول ہے اور پاکستان نے ہر موقع پر منہ توڑ جواب دیا ہے۔ افواج پاکستان نہ صرف چوکس ہیں بلکہ دشمن کی ہر حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت رات کے اندھیرے میں بزدلانہ حملے کر رہا ہے، لیکن ہم ان جنونی اقدامات کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں۔ بھارت کو پہلے بھی پانچ جنگی طیارے گنوانے کی ہزیمت اٹھانی پڑی، اور ایل او سی پر اسے بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اقوامِ عالم کو بھارت کی جانب سے مساجد اور شہری علاقوں پر حملوں کا نوٹس لینا چاہیے، کیونکہ یہ عمل نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن رہا ہے۔
