بھارتی ریاست گجرات میں شدید بے موسمی بارشوں، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے باعث 14 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ اطلاعات برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے مناظر کے حوالے سے دی ہیں، جن میں درختوں کے گرنے، فصلوں کی تباہی اور کئی اضلاع کے متاثر ہونے کی تفصیلات شامل ہیں۔
برطانوی حکومت کا امیگریشن پالیسی میں سخت اقدامات کا عندیہ، نیا وائٹ پیپر اگلے ہفتے متوقع
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق، اس شدید موسمی تغیر کی وجہ پاکستان کے ہمسایہ علاقوں اور ریاست راجستھان میں بننے والا سمندری طوفان ہے۔ محکمے نے جمعرات تک گجرات کے مختلف علاقوں میں مزید بارش، گرج چمک، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔
گجرات حکومت کے محکمہ زراعت کی سیکریٹری انجو شرما نے بتایا کہ
"ہم فصلوں کے نقصان کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں، کیونکہ گجرات کپاس، زیرہ اور چاول کی پیداوار کے لحاظ سے بھارت کی سب سے اہم ریاستوں میں شامل ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نقصانات کا تخمینہ لگائے اور اپنی رپورٹ فوری طور پر فراہم کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی مشرقی اور وسطی بھارت کے علاوہ نیپال میں بے موسمی بارشوں کے باعث 100 سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں، جس سے خطے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں۔
