کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل (CCI) کے حالیہ اجلاس میں دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کی منظوری نہ دینا سندھ کی آئینی حیثیت کا برملا اعتراف ہے، اور یہ سندھ کے عوام کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ سندھ کے عوام کی حق کے لیے طویل جدوجہد اور اصولی موقف کا ثمر ہے۔ شرمیلا فاروقی نے کہا کہ اس اہم اور تاریخی پیش رفت کا کریڈٹ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جاتا ہے، جنہوں نے کینالز کے معاملے پر ہمیشہ اصولی موقف اختیار کیا اور ہر فورم پر سندھ کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو بھی قابلِ تحسین ہیں جنہوں نے وفاقی سطح پر سندھ کے عوام کے حقوق کی دلیرانہ وکالت کی۔ یہ فتح دراصل ہمت، جرات، اتحاد اور ثابت قدمی کی کامیاب مثال ہے جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
شرمیلا فاروقی نے اس فیصلے کو سندھ کے پانی کے حقوق کے لیے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ بھی سندھ کے عوام کے آئینی، قانونی اور پانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔
