ریاست جُوناگڑھ کے نواب کا تقرر بالآخر طے پا گیا۔ ریاست کی موجودہ سرپرست اعلیٰ شاہ بیگم آف جُوناگڑھ نے خاندانی رضامندی اور مشاورت کے بعد نوابزادی عالیہ دلاور خانجی کو نواب بیگم آف ریاست جُوناگڑھ نامزد کردیا ہے۔
ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی کامیاب کارروائی: اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث 4 رکنی گروہ گرفتار
یہ فیصلہ نواب محمد جہانگیر خانجی کے انتقال کے بعد ریاستی قیادت میں پیدا ہونے والے خلاء کو پُر کرنے اور جُوناگڑھ "کاز” کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے کیا گیا۔
نواب عالیہ دلاور خانجی نہ صرف شاہی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں بلکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور سول سروس پس منظر کی حامل ہیں۔ وہ سابق گورنر سندھ نواب محمد دلاور خانجی مرحوم کی صاحبزادی اور ان کی بیوہ شاہ بیگم آف جُوناگڑھ کی زیر تربیت رہ چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ خاندان کے اہم افراد نوابزادہ عالمگیر خانجی، نوابزادہ ظہیر خانجی اور دیگر معتبر اراکین کی مشاورت سے کیا گیا، تاکہ پاکستان میں مقیم تقریباً چالیس لاکھ جُوناگڑھی عوام کی نمائندگی بھرپور اور مؤثر طریقے سے ممکن بنائی جا سکے۔
اس اہم پیش رفت کے حوالے سے صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور متعلقہ اداروں کو باقاعدہ طور پر تحریری طور پر مطلع کیا گیا ہے، اور ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ریاست جُوناگڑھ کے اقوام متحدہ میں زیر سماعت مقدمہ کی پیروی میں نواب بیگم عالیہ دلاور خانجی کا بھرپور ساتھ دیں۔
اس فیصلے کی توثیق جُوناگڑھ کونسل کے اہم اراکین جناب حاجی محمد حنیف طیب، اقبال قریشی، نائب دیوان جناب معین خان اور اے ڈی سی عقیل احمد خان نے بھی کی ہے، جو ریاستی روایات کے مطابق نہایت اہمیت رکھتی ہے۔
یہ اعلان جُوناگڑھ کی سیاسی و سماجی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے، جو شاہی وراثت، جدید تعلیم اور عوامی مفاد کے حسین امتزاج کو ظاہر کرتا ہے۔
