کراچی ملیر پولیس نے ایئرپورٹ تھانے کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے بیئر کی اسمگلنگ کی بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا اور ایک کروڑ سے زائد مالیت کی 11,400 بوتلوں پر مشتمل بیئر برآمد کر لی۔
کراچی میں حساس اداروں کا جعلی افسر گرفتار جعل سازی، نوسربازی اور بلیک میلنگ میں ملوث، بھاری دستاویزات برآمد
ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی کے مطابق، پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ بیئر کی بھاری مقدار کو ٹرک کے ذریعے شہر میں سپلائی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مذکورہ ٹرک (نمبر JY-2031) کو روک کر اس کی تلاشی لی، جس میں 570 سے زائد کارٹن چھپائے گئے تھے۔
گرفتار ملزمان — شاکر علی ولد طالب حسین اور عبدالشکور ولد عبدالغفور — بیئر کو خفیہ طور پر مختلف علاقوں میں پہنچانے کا منصوبہ بنا چکے تھے۔ پولیس نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور خفیہ معلومات کے ذریعے اس نیٹ ورک کو توڑتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ٹرک کو بھی تحویل میں لے لیا۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق، یہ شراب پنجاب، سندھ اور کراچی میں فروخت کی جانی تھی۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں منشیات اور نشہ آور اشیاء کی ترسیل کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ملیر پولیس نہ صرف عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں سرگرم ہے بلکہ معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے بھی ہمہ وقت کوشاں ہے۔


