اسلام آباد (تشکر نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں پاکستان نے امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور نئی درآمدی ٹیرف پالیسی پر بات چیت کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد امریکہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی: اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کی کارروائی، ویگو گاڑی سے 5 کلو سے زائد چرس برآمد، ایک ملزم گرفتار
وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دیے جانے والے وفد میں معروف کاروباری شخصیات اور برآمد کنندگان کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ وفد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امریکہ کی جانب سے پاکستانی مصنوعات پر عائد کردہ نئے ٹیرف پر تفصیلی مذاکرات کرے اور باہمی مفاد پر مبنی آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے۔
اسلام آباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، مشیرِ وزیراعظم سید توقیر شاہ، معاونین خصوصی طارق فاطمی، ہارون اختر، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور حکومت ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔ اجلاس میں امریکہ کی جانب سے عائد کردہ نئے ٹیرف سے متعلق اسٹیرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ کی رپورٹ اور متعدد متبادل حکمت عملیاں پیش کی گئیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ مسلسل امریکی حکام سے رابطے میں ہے اور اس معاملے پر باقاعدگی سے گفت و شنید جاری ہے۔
وزیراعظم نے وفد کی تشکیل میں کاروباری برادری اور برآمد کنندگان کی نمائندگی کو یقینی بنانے کی خاص ہدایت دی تاکہ زمینی حقائق اور معاشی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے مذاکرات مؤثر انداز میں کیے جا سکیں۔
