پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے باوجود پولیس اور سیکیورٹی فورسز بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں اور عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
موجودہ حکومت کٹھ پتلی، ریاست خطرے میں ہے: مولانا فضل الرحمان
پشاور سے جاری اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کے واقعات پیش آئے ہیں، تاہم کرک میں پولیس نے دہشت گردوں کے حملے کو جرات مندی سے ناکام بنایا۔
انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے پولیس اور فورسز کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور دعائے مغفرت کی۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی داستانیں تاریخ کا حصہ ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور فورسز کو عوام کا مکمل تعاون حاصل ہے، اور صوبائی حکومت مالی مشکلات کے باوجود پولیس کی بہتری کے لیے اربوں روپے مختص کر چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید اسلحہ، ساز و سامان اور تربیتی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ اہلکاروں کو مزید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا سکے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور حکومت کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔