جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں تمام یرغمال مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران 33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، جن میں خودکش بمبار بھی شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے غیر معمولی مہارت اور احتیاط کا مظاہرہ کیا تاکہ یرغمال معصوم شہریوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا ہوا تھا، لیکن پاک فوج کے جوانوں نے حکمتِ عملی اور مہارت سے کسی بھی دہشتگرد کو خودکش دھماکہ کرنے کا موقع نہیں دیا۔
جاری کردہ ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دہشتگردوں نے مسافروں کو مختلف گروپوں میں تقسیم کیا ہوا تھا جبکہ کلیئرنس آپریشن کے بعد پاک فوج کے جوان مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دہشتگردی جیسے کسی بھی چیلنج کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
