وزیرِاعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر ورلڈ گورنمنٹس سمٹ (WGS) میں شرکت کے لیے یو اے ای کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ یہ ان کا وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے بعد یو اے ای کا دوسرا دورہ ہے۔
سندھ پولیس کا کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب آپریشن، 616 ڈاکو گرفتار، 103 ہلاک
وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق، شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سربراہی میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں گورننس، اختراعات، اور بین الاقوامی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سمٹ میں دنیا بھر سے ریاستی سربراہان، عالمی پالیسی ساز، اور نجی شعبے کے نمایاں رہنما شرکت کریں گے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کے ساتھ نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار، کابینہ کے اہم ارکان، اور ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی اس دورے میں شامل ہے۔
اپنے خطاب میں وزیرِاعظم پاکستان میں جامع اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی، اور گورننس اصلاحات کے لیے حکومت کے وژن کو اجاگر کریں گے۔ وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سمیت دیگر سربراہانِ مملکت اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے اہم رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
یاد رہے کہ وزیرِاعظم نے مارچ 2024 میں وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے بعد مئی میں یو اے ای کا پہلا دورہ کیا تھا، اور اب یہ دوسرا موقع ہے کہ وہ یو اے ای میں پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر پیش کریں گے۔
