کراچی: سندھ حکومت نے کراچی کے پیٹرول پمپ مافیاز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خاص برائے قیمت و رسد، عثمان ہنگورو، نے پیمائش کے افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں 12 پیٹرول پمپس پر چھاپے مارے۔
جامعہ این ای ڈی میں دو روزہ گلوبل گرین کانفرنس کا انعقاد، ماحول دوست گرین سیمنٹ متعارف
عثمان ہنگورو کے مطابق مہران ٹاؤن میں مقدار میں کمی پر ایک پی ایس او پیٹرول پمپ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں، شاہین کمپلیکس کے قریب بھی پی ایس او کے دو ڈسپینسرز کو کم مقدار دینے پر سیل کیا گیا۔ شاہراہِ فیصل پر واقع ایک اور پی ایس او پیٹرول پمپ بھی ڈیفالٹر نکلا۔
معاون خاص عثمان ہنگورو نے صدر، آرام باغ، سول لائنز، گزری، ڈیفنس، اور کورنگی انڈسٹریل ایریا کا دورہ بھی کیا اور مختلف پیٹرول پمپس کی پیمائش اور معیار کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ پیمائش اور وزن میں کمی کرنا ایک جرم ہے اور عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ پٹرول پمپ مافیاز کو عوام کی پریشانی کا کوئی احساس نہیں، اور حکومت اس طرح کے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی۔
