کراچی: جامعہ این ای ڈی میں دو روزہ گلوبل گرین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماحول دوست "گرین تعمیراتی سیمنٹ (ایل سی تھری)” کو متعارف کرایا گیا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ہم سب کو متاثر کر رہی ہے، اور جو ممکن ہو، ہمیں ماحول کی بہتری کے لیے کرنا ہوگا۔
پاکستان میں 8 فروری کو یومِ سوگ منانے کا اعلان
انہوں نے گرین سیمنٹ کی کم قیمت اور ماحول دوست خصوصیات کو تعمیراتی صنعت کے لیے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ انڈسٹری، اکیڈمیا اور حکومت کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے ماحول محفوظ بنایا جا سکے۔
کانفرنس کے کی نوٹ اسپیکرز میں سوئزرلینڈ سے ڈاکٹر کیرن اور لارینٹ ڈومینک شامل تھے، جنہوں نے گرین سیمنٹ کی افادیت اور اس کے ماحول پر مثبت اثرات پر زور دیا۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ گرین سیمنٹ کا استعمال کاربن ڈائی آکسائیڈ کی تخفیف میں مددگار ثابت ہوگا اور پاکستان کی تعمیراتی صنعت میں انقلاب لائے گا۔
مزید مقررین میں انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کے چیئرمین انجینئر سہیل بشیر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل، اور ڈاکٹر طارق جمیل شامل تھے۔ کانفرنس کے اختتامیہ پر سی او او پاور سیمنٹ احسن انیس، سینئر سائنٹسٹ محمد امجد، اور دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

