کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہیموفیلیا کے مریضوں کو معیاری اور بروقت علاج فراہم کرنے کے لیے عباسی شہید اسپتال میں ایک علیحدہ ہیموفیلیا سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے ہیموفیلیا ویلفیئر سوسائٹی کراچی کے ناظم آباد میں واقع ہیموفیلیا ٹریٹمنٹ سینٹر کے دورے کے دوران کیا۔
حکومتی ترجمانوں کا اجلاس، عوامی فلاح کے منصوبوں کی موثر تشہیر پر زور
ہیموفیلیا سوسائٹی کے بانی راحیل احمد اور ان کی ٹیم نے میئر کراچی کا پرتپاک استقبال کیا۔ چیئرمین یونین کونسل پپری ڈاکٹر عظمت اللہ لنڈ، صدر ہیموفیلیا ویلفیئر سوسائٹی انیس الرحمان، اور دیگر بانی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
میئر کراچی نے سینٹر میں زیر علاج بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس دوران سیو ون لائف کی جانب سے ہیموفیلیا سے متاثرہ بچوں کے لیے بھیجے گئے تعلیمی فنڈز بھی تقسیم کیے گئے۔
سوسائٹی کے بانی راحیل احمد نے میئر کو ہیموفیلیا کی پیچیدگیوں اور اس بیماری کے دوران فوری علاج کی ضرورت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خون جمانے والے اجزا کی کمی کے باعث مریضوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اور فوری علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ بیماری جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔
راحیل احمد کی درخواست پر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عباسی شہید اسپتال میں ہیموفیلیا سینٹر قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عملے کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ہیموفیلیا ویلفیئر سوسائٹی کی خدمات کو سراہا اور اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر انہوں نے سوسائٹی کو مالی امداد بھی فراہم کی۔
ہیموفیلیا ویلفیئر سوسائٹی نے میئر کراچی کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس منصوبے پر فوری عملدرآمد کیا جائے گا، جو کہ مریضوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ایک اہم قدم ہوگا۔