سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ حکومت کے نئے تعینات ہونے والے ترجمانوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی حکومت کی مواصلاتی حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے اور عوامی تحفظات کو مؤثر انداز میں دور کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ کورنگی پولیس کی منشیات کے خلاف مہم، مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں
اجلاس میں گنہور خان اسران، ہیر سوہو، نادر نبیل گبول، سکھدیو آسرداس ہیمنانی، بلند خان جونیجو، سیمتا افضال سید، سید تحسین عابدی، سیدہ عقربہ فاطمہ، مصطفی عبداللہ بلوچ اور سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن نے شرکت کی۔ شرکاء نے حکومتی بیانیے کے فروغ، میڈیا تعلقات کو مضبوط بنانے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی موثر تشہیر کے لیے حکمت عملیوں پر غور کیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا: "حکومتی ترجمانوں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ عوام کو حکومت کے منصوبوں اور کاوشوں سے مکمل آگاہ رکھنا ضروری ہے۔ ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ عوام کو مثبت معلومات فراہم کی جائیں اور ان کی مایوسیوں کا خاتمہ کیا جائے۔”
انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وژنری قیادت اور صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی رہنمائی کو عوامی خدمت کی اساس قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی ہے۔
اجلاس میں ترجمانوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں اور پالیسیوں کے حوالے سے ایک مربوط ٹیم کے طور پر کام کریں۔ شرجیل انعام میمن نے سوشل میڈیا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ترجمانوں کو مل کر مثبت معلومات کو عام کرنا اور غلط اطلاعات کا مؤثر مقابلہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شفافیت اور عوام کے ساتھ موثر رابطہ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے تاکہ اعتماد کو برقرار رکھا جا سکے۔
