کولکتہ میں جاری آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک سنسنی خیز اور ہائی اسکورنگ مقابلے میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
امریکا–اسرائیل اور ایران میں شدید جنگ، خطہ بڑے تصادم کے دہانے پر
میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز کا مجموعہ اسکور کیا۔ کیریبین بیٹرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور بھارتی بولرز کو دباؤ میں رکھنے کی کوشش کی۔ روسٹن چیس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 رنز بنائے، جیسن ہولڈر 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کپتان روومین پاؤل نے 34 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔
196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے پراعتماد آغاز کیا، تاہم درمیانی اوورز میں چند وکٹیں گرنے سے میچ میں سنسنی پیدا ہوگئی۔ اس موقع پر سنجو سیمسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 97 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ بھارتی بیٹرز نے دباؤ کا بھرپور مقابلہ کیا اور ہدف آخری اوور میں حاصل کرکے شائقین کو سنسنی خیز اختتام فراہم کیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی بھارت نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی جبکہ ویسٹ انڈیز کی ورلڈکپ مہم اختتام پذیر ہوگئی۔
ایونٹ کے سیمی فائنلسٹ کی لائن اپ بھی مکمل ہوگئی ہے۔ پہلا سیمی فائنل جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان 4 مارچ کو کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 5 مارچ کو شیڈول ہے۔ کرکٹ شائقین کو دونوں میچز میں سخت اور دلچسپ مقابلوں کی توقع ہے۔
