3 مارچ 2026 کو کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے انسداد اسمگلنگ آرگنائزیشن (ASO) کو گلبائی فلائی اوور کے اطراف ایک ٹویوٹا فارچیونر (رجسٹریشن نمبر BG-4558) کے ذریعے اسمگل شدہ موبائل فونز کی نقل و حرکت سے متعلق مصدقہ اطلاع موصول ہوئی۔
جامعہ این ای ڈی میں پاک فوج سے یکجہتی کی ریلی، پرووائس چانسلر کا دفاع وطن پر زور
اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اے ایس او ٹیم نے مذکورہ گاڑی کو گلبائی فلائی اوور کے قریب روک کر تلاشی لی۔ معائنے کے دوران گاڑی کے سامنے اور پیچھے کے بمپر، ہیڈلائٹس، ٹرنک، فرش کے نیچے اور دروازوں کے پینلز میں خصوصی طور پر تیار کیے گئے خفیہ خانے (انجنیئر شدہ گڑھے) دریافت ہوئے۔
ان خفیہ خانوں سے ببل شیٹ میں لپٹے مختلف برانڈز کے 800 غیر رجسٹرڈ موبائل فونز برآمد کیے گئے، جن میں Apple Inc. (آئی فون)، Motorola، OnePlus، Vivo اور Huawei شامل ہیں۔ ابتدائی جانچ میں تمام موبائل فونز غیر رجسٹرڈ پائے گئے، جس سے ان کے اسمگل شدہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔
کسٹمز حکام کے مطابق برآمد شدہ موبائل فونز اور گاڑی کی مجموعی مالیت تقریباً 7 کروڑ 46 لاکھ روپے (74.64 ملین روپے) ہے۔ تمام سامان اور گاڑی کو ضبط کر کے مزید تفتیش کے لیے ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
