کراچی (تشکر نیوز) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام شہدائے فلسطین والقدس کانفرنس کا انعقاد کراچی پریس کلب کے بیک یارڈ میں کیا گیا، جہاں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں فلسطین کی مزاحمت اور مسئلہ کشمیر کو عالمی ضمیر کے سامنے رکھنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔
ایم کیو ایم کے رہنما رؤف صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا وجود امریکی و برطانوی سرپرستی کا نتیجہ ہے اور اقوام متحدہ مظلوموں کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے مظلومین فلسطین کی مدد اور ان کے لیے آواز بلند کرنے پر زور دیا۔
جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدایٰ صدیقی نے طوفان الاقصیٰ آپریشن کو فلسطینی عوام کے حوصلے کی مثال قرار دیا اور کہا کہ مزاحمت ظلم کے خلاف استقامت کی علامت ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کے علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ دو ریاستی حل دفن ہو چکا ہے، اور اسرائیل مایوسی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی وحدت ہی فلسطین کی آزادی کی چابی ہے۔
کانفرنس میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری عثمان نے امریکی و اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ پر زور دیا اور امت مسلمہ کو فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے متحرک ہونے کی تاکید کی۔
فلسطین فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر صابر ابو مریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطینی مزاحمت کمزور نہیں ہوئی اور آج بھی غاصب ریاست کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے او آئی سی کو متحرک کرنے اور مسئلہ فلسطین و کشمیر پر یکساں توجہ دینے کی اپیل کی۔

کانفرنس میں دیگر رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور فلسطین کی مزاحمت کو مظلوموں کی فتح کا راستہ قرار دیا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور مسیحی رہنماؤں نے بھی مظلومین فلسطین و کشمیر کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کیا
