پاکستان نے فوجی عدالتوں سے شہریوں کو سنائی جانے والی سزاؤں پر بین الاقوامی ردعمل کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک کے اندرونی معاملات کا حل پاکستان خود جانتا ہے اور کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں۔
پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے یورپی یونین کے تحفظات اور امریکی پابندیوں پر دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئین اور عدالتی نظام میں داخلی مسائل حل کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی سے متعلق فیصلے صرف پاکستانی قوم کرے گی اور کسی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
امریکی میزائل پابندیاں مسترد
ترجمان نے امریکی میزائل پروگرام پر پابندیوں کو غیر ضروری اور ناانصافی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات پاکستان کی دفاعی پوزیشن کو متاثر نہیں کر سکتے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کا آغاز بھارت نے کیا ہے اور عالمی طاقتوں کو بھارت کے خلاف اقدامات کرنے چاہییں تاکہ استحکام برقرار رہے۔
پاکستان کا مؤقف
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ماضی میں بھی پابندیوں کا سامنا کرتا رہا ہے اور اپنی قومی سلامتی پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اپنے دفاعی اور سیکیورٹی معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ملکی سلامتی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔