کراچی، 19 دسمبر 2024: کراچی یونین آف جرنلسٹس ورکرز (کے یوجے ورکرز) نے اپنے ممبر گورننگ باڈی شاہزیب خانزادہ کو نامعلوم افراد کی جانب سے اسلحہ کے زور پر دھمکیاں دینے کی پر زور مذمت کی ہے۔ اس موقع پر کے یوجے ورکرز کے صدر فواد محمود نے ایس ایس پی سینٹرل سے رابطہ کیا اور ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او نیو کراچی غلام یاسین اور ڈی ایس پی ندیم کو واقعہ کا مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
سینئر نائب صدر علی سرور نے کہا کہ "نیو کراچی تھانے کے سامنے مسلح افراد کا صحافی کو اسلحہ دکھا کر جان سے مارنے کی دھمکی دینا حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے۔”
یہ واقعہ تھانہ نیو کراچی کی حدود سیکٹر الیون ایل میں پیش آیا، جہاں مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے صحافی شاہزیب خانزادہ کو خبریں شائع کرنے پر دھمکیاں دیں۔
جنرل سیکرٹری ندا آصف کی سربراہی میں نائب صدر علی عباس، جوائنٹ سیکرٹری نوید عباس اور ممبر گورننگ باڈی عمران میزان کی موجودگی میں نیو کراچی تھانے میں واقعہ کا مقدمہ درج کرادیا گیا۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس ورکرز نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت صحافیوں کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کرے اور ان واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔