کراچی: ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر ممنوعہ، غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی تیاری اور خرید و فروخت میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ایسٹ کراچی میں عمل میں لائی گئی، جس میں ڈرگ انسپکٹر کی موجودگی میں چھاپہ مارا گیا۔
ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران ملزم محمد جاوید کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے بڑی تعداد میں ممنوعہ اور غیر رجسٹرڈ انجیکشنز، بشمول بوسٹن انجکشنز، برآمد ہوئیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، ملزم مذکورہ ادویات کراچی کے کیٹل فارمز کو فروخت کرتا تھا۔ برآمد شدہ ادویات کے نمونے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھیج دیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، اور اس کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ ایف آئی اے نے اس کارروائی کو غیر قانونی اور غیر معیاری ادویات کی تجارت کے خلاف سخت قدم قرار دیا ہے۔