کراچی: واٹر ٹینکر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، شہر میں ہیوی ٹریفک حادثات جاری

کراچی: شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات کا سلسلہ ایک بار پھر جان لیوا ثابت ہوا، جہاں قائدآباد چاول گودام کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا دوست زخمی ہوگیا۔

کراچی کے میگا منصوبے تیز، ٹریفک بہتری کی ہدایت

پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا، تاہم واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ بعد ازاں پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔

قائدآباد پولیس اسٹیشن کراچی کے ایس ایچ او محمد علی شاہ کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت 17 سالہ اندان راجہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی 20 سالہ عدنان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دونوں نوجوان شیرپاؤ کالونی، قائدآباد کے رہائشی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل نوعیت ابھی واضح نہیں ہو سکی، تاہم عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں اور فرار ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

ادھر شہر میں ہیوی ٹریفک حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش بھی بڑھ گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے ابتدائی ساڑھے تین ماہ میں ٹریفک حادثات میں 295 افراد جاں بحق اور 3205 زخمی ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ہیوی گاڑیوں کے باعث ہونے والے حادثات میں اب تک 100 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں سب سے زیادہ واقعات ٹریلرز سے منسوب کیے گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق شہر میں ہیوی ٹریفک کی بے قابو آمد و رفت اور ٹریفک قوانین کی کمزور عملداری ان حادثات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے، جس پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

One thought on “کراچی: واٹر ٹینکر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، شہر میں ہیوی ٹریفک حادثات جاری

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!