کراچی (19 فروری 2026) سانحہ گل پلازہ کے سلسلے میں قائم تحقیقاتی کمیشن نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو 47 سوالات پر مشتمل سوالنامہ جاری کر دیا اور تمام متعلقہ ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
کراچی: ڈی آئی جی ایسٹ کا سولجر بازار متاثرہ مقام کا دورہ، امدادی کارروائیوں کا جائزہ
جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں ہونے والے کمیشن اجلاس میں ایس بی سی اے سے عمارت کی اجازت، تعمیراتی حدود اور شکایات کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی۔ جسٹس آغا فیصل نے کہا کہ "ایس بی سی اے کہتا ہے جب تک شکایت نہ ہو، کارروائی نہیں کر سکتے، لیکن آج ایک اور واقعہ ہوا ہے جس میں 15 افراد جاں بحق ہوئے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "40 سے 50 گز پر یہ عمارت بنی ہوئی تھی، اسی رقبے پر ہائی رائز عمارت کی اجازت ہو سکتی ہے، مگر اس عمارت پر کسی نے شکایت نہیں کی۔”
اجلاس میں کمیشن نے ڈی سی ساؤتھ، جاوید کھوسو سے بھی سوال کیا کہ آگ کے وقت آپریشن کمانڈ کس کے پاس تھی۔ جاوید کھوسو نے بتایا کہ وہ واقعے کے قریب تھے، سب سے پہلے موقع پر پہنچے، پروٹوکول کے مطابق ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کیا اور ایس ایس پی سٹی بھی فوری طور پر پہنچ گئے تھے۔
