راولپنڈی (19 فروری 2026) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔ ہلاک شدگان کا تعلق ہندوستانی پراکسی، فتنہ الہندستان سے تھا۔
کمشنر کی ہدایت پر گراں فروشی کی روک تھام کے لیے تین مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل
ترجمان آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 18 اور 19 فروری کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ مارے جانے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ سکیورٹی فورسز علاقے میں باقی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رکھیں گے۔
پاک فوج نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے "عزم استحکام ویژن” کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری ہے تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔