ڈی جی ایس بی سی اے کی تقرری کے خلاف درخواست پر سماعت، عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا

کراچی (عدالتی رپورٹ) — سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کے خلاف دائر درخواستوں پر عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ: فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی ہائی رسک عمارتیں سیل کی جائیں گی

سماعت کے دوران سابق ڈی جی رشید سولنگی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق ڈی جی ریٹائر ہوچکے ہیں، اس لیے ان کے خلاف درخواست غیر مؤثر ہوچکی ہے۔ بیرسٹر طلحہ عباسی نے بھی عدالت کو بتایا کہ سابق ڈی جی کے خلاف درخواست اب غیر مؤثر ہے۔

تاہم درخواست گزار طارق منصور نے مؤقف اپنایا کہ درخواست غیر مؤثر نہیں ہوئی کیونکہ معاملہ صرف تقرری نہیں بلکہ قانونی اہلیت اور غیر اہل افسران کے اقدامات کی قانونی حیثیت سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کے مطابق ڈی جی ایس بی سی اے کا انجینیئر یا آرکیٹیکٹ ہونا لازمی ہے، جبکہ مطلوبہ قابلیت نہ رکھنے والے افسر کے دور میں کیے گئے اقدامات کی قانونی جانچ ضروری ہے۔

درخواست گزار نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ “سنار کا کام درزی نہیں کرسکتا”، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے:
“کیا ڈی جی ایس بی سی اے درزی ہے؟”
عدالت نے مزید کہا کہ آپ کا بنیادی کیس یہ ہے کہ سابق ڈی جی عہدے کے لیے اہل نہیں تھے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ڈی جی ایس بی سی اے کی تقرریاں قوانین کے برخلاف کی گئی ہیں اور موجودہ ڈی جی بھی انجینیئر یا آرکیٹیکٹ نہیں بلکہ کیڈر افسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نان ٹیکنیکل ڈی جیز کو یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ فائر سیف اسٹرکچر کیسے بنایا جاتا ہے۔

سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے بتایا کہ رشید سولنگی پی ایس ایس افسر تھے، جس پر عدالت نے سوال اٹھایا کہ آیا پی ایس ایس افسر کیڈر افسر ہوتے ہیں؟ عدالت نے مزید استفسار کیا کہ کیا سندھ حکومت چیف سیکریٹری کو ڈی جی مقرر کر سکتی ہے؟ اس نکتے پر عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے وضاحت طلب کرنے کا عندیہ دیا۔

ایس بی سی اے کے وکیل اسد اللہ بلو نے عدالت کو بتایا کہ کے بی سی اے کو ایس بی سی اے میں تبدیل کیا گیا، چیف بلڈنگ افسر کی پوسٹ کو ڈی جی میں تبدیل کیا گیا اور حکومت نے ڈی جی کے عہدے کو کیڈر پوسٹ قرار دے کر اس کا دائرہ کار بڑھایا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انجینیئر کی شرط صرف ڈی جی ٹیکنیکل کے لیے ہے جبکہ ڈی جی ٹیکنیکل کی پوسٹ تاحال موجود ہی نہیں۔

فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے تمام درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

57 / 100 SEO Score

One thought on “ڈی جی ایس بی سی اے کی تقرری کے خلاف درخواست پر سماعت، عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!