کراچی: کمشنر کراچی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حازم بھنگوار نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن لے لیا۔ لائٹ ہاؤس اور سائیکل مارکیٹ میں اینٹی اینکروجمنٹ آپریشن کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو کاری ضرب لگائی گئی۔
ایم-8 ہائی وے پر سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 375 کلو گرام آئس (کرسٹل میتھ) برآمد، ملزم گرفتار
آپریشن کے دوران 58 غیر قانونی دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ 5 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ کے مطابق دکاندار اپنی مقررہ حدود سے تجاوز کر کے کاروبار کر رہے تھے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
حازم بھنگوار نے کہا کہ یہ کارروائی صرف آغاز ہے، شہر سے تمام غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
مزید برآں نالوں اور کچرا کنڈیوں کی جگہوں کا بھی سروے کیا گیا اور ان مقامات کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ شہری مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

