کراچی — وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے 9 فروری 2026 کو آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان، کچے آپریشنز، رمضان المبارک کے دوران سیکورٹی انتظامات اور کراچی میں اسٹریٹ کرائم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اسلام آباد مسجد حملہ: شیعہ علماء کونسل کا سخت ردعمل، دہشت گردی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان
ملاقات میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر اہم افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی سندھ پولیس نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ کچے کے مختلف علاقوں میں جاری کارروائیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور تقریباً 160 جرائم پیشہ عناصر سندھ حکومت کی سرینڈر پالیسی کے تحت ہتھیار ڈال چکے ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کچے علاقوں میں ریاستی رٹ مضبوط کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل جاری ہے اور انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں تیز کی جارہی ہیں۔
اس کے علاوہ، منشیات فروشوں کے خلاف سندھ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ٹاسک فورسز کو فیسلیٹیٹرز کے خلاف مزید سخت اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں کمی واقع ہوئی ہے اور وزیر داخلہ نے اس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
ملاقات میں رمضان المبارک کے دوران سیکورٹی انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت دی کہ مساجد، امام بارگاہیں، تراویح نماز کے مقامات اور اطراف میں مکمل سیکورٹی یقینی بنائی جائے۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے رمضان میں ٹریفک کی بہتر مینجمنٹ کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا، جس پر وزیر داخلہ نے شہریوں کو ٹریفک جام سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
دہشتگردی کے تازہ واقعات کے بعد سی ٹی ڈی اور دیگر سیکورٹی اداروں کو مزید فعال اور مربوط رکھنے کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے ناسور پر موثر حکمت عملی کے تحت قابو پایا جا رہا ہے۔
