کراچی — اسسٹنٹ کمشنر صدر ٹاؤن ہاضم بنگار کی قیادت میں ٹی ایم سی انچارج شاہنواز، فیصل جاوید، ظفر اور متعلقہ افسران نے صدر ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں انکروچمنٹ اور غیر قانونی پارکنگ مافیا کے خلاف بڑی اور مربوط کارروائی کی۔
اسلام آباد مسجد حملہ: شیعہ علماء کونسل کا سخت ردعمل، دہشت گردی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان
آپریشن کے دوران فٹ پاتھوں، سڑکوں، گلیوں اور عوامی راستوں پر قائم کیبنز، ریڑھیاں، عارضی دکانیں اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔ غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز اور پارکنگ مافیا کے نیٹ ورک کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا گیا، اور کئی مقامات پر سڑکیں مکمل طور پر کلیئر کروا کر ٹریفک کی روانی بحال کی گئی۔
بھاری مشینری کی مدد سے تجاوزات ختم کی گئیں اور علاقے کی صفائی اور بحالی کا کام بھی کیا گیا، تاکہ شہریوں کو محفوظ، صاف اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر ہاضم بنگار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
“صدر ٹاؤن میں شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، انکروچمنٹ اور پارکنگ مافیا کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہر کو منظم اور قانون کے مطابق چلانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔”
ٹی ایم سی انچارج صدر ٹاؤن شاہنواز نے کہا کہ:
“صدر ٹاؤن کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ اور آپریشن کیے جائیں گے تاکہ دوبارہ غیر قانونی سرگرمیاں سر نہ اٹھا سکیں۔”
عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی اس بھرپور کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ پیدل چلنے والوں کے لیے سہولت بھی میسر ہوگی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ یہ کارروائیاں عارضی نہ ہوں بلکہ مستقل بنیادوں پر جاری رہیں۔
