کراچی میں ڈپٹی کمشنر آفس ضلع وسطی کی جانب سے سرکاری زمین پر قبضے کے خلاف جاری مہم کے تحت نیو کراچی کے علاقے میں قبرستان کی مختص سرکاری زمین پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی فرید حنیف کی سربراہی میں انجام دی گئی۔
مسلم لیگ (ق) میں مختلف جماعتوں کے سینکڑوں کارکنان کی شمولیت، قیادت پر اعتماد کا اظہار
کارروائی کے دوران 6 نمبر قبرستان کی زمین پر ناجائز طور پر قائم 35 سے 40 فیکٹریوں کو بھاری مشینری کے ذریعے منہدم کر دیا گیا۔ یہ فیکٹریاں طویل عرصے سے قبرستان کے لیے مختص سرکاری زمین پر قبضہ کر کے قائم کی گئی تھیں، جس سے نہ صرف سرکاری قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی تھی بلکہ علاقے کے مکینوں میں شدید بے چینی بھی پیدا ہوئی تھی۔
اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری، محکمہ انسدادِ تجاوزات اور دیگر متعلقہ محکمے بھی کارروائی میں شریک ہوئے۔ قبضہ مافیا کی جانب سے انتظامیہ پر پتھراؤ کیا گیا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کر کے صورتحال پر قابو پا لیا۔
ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم نے کہا کہ قبضہ مافیا کو کسی بھی حال میں پنپنے نہیں دیا جائے گا اور سرکاری زمین پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، خاص طور پر قبرستان جیسی مقدس اور عوامی فلاح کی جگہوں پر تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ بھی غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس بروقت اور جرات مندانہ اقدام کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی فرید حنیف نے کہا کہ واگزار کرائی گئی زمین کو محفوظ بنانے کے لیے مستقل اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں دوبارہ قبضے کی کوئی کوشش کامیاب نہ ہو سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات، سرکاری زمین پر قبضے یا غیر قانونی تعمیرات کے بارے میں متعلقہ حکام کو بروقت اطلاع دیں تاکہ فوری اور قانونی کارروائی کی جا سکے۔

