کراچی میں پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے جنرل سیکرٹری کنور ارشد علی خان نے کہا ہے کہ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنان اور عہدیداران کی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت خوش آئند ہے۔ نئے شامل ہونے والے افراد نے اپنے آباؤ اجداد کی جماعت مسلم لیگ پر اعتماد اور بھروسہ کیا ہے، پارٹی قیادت ان کو ہر سطح پر عزت، مقام اور ان کے حقوق کے لیے جدوجہد کرے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت پر فیصلہ قریب، چیئرمین پی سی بی کی وزیراعظم سے اہم ملاقات
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ق) کراچی ڈویژن کورنگی و لانڈھی کے تحت تحریک انصاف اور انجمن نوجوانان اسلام کے سینکڑوں عہدیداران و کارکنان کی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنور ارشد علی خان نے کہا کہ مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر چوہدری سالک حسین بطور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز نوجوانوں کے لیے بیرون ملک روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ق) کراچی ڈویژن کے صدر محمد جمیل احمد خان نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں مختلف جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کی مسلسل شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ نے ہمیشہ ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کو ترجیح دی ہے۔
صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد صادق شیخ نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں مسلم لیگ (ق) ملک کے استحکام، ترقی، بقا اور سلامتی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی اور لانڈھی ٹاؤنز سے تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے عہدیداران کی شمولیت کراچی ڈویژن کی قیادت کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کراچی کے جنرل سیکرٹری نعیم خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) نے ہمیشہ عوامی مفادات کا تحفظ کیا ہے اور آئندہ بھی ملک و قوم کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
تقریب سے مسلم لیگ (ق) کراچی کے سینئر نائب صدر عبد الستار بلوچ، سینئر رہنما فرید قریشی، فیضان انیس، مبین ہاشمی، جابر خان، شاہد خان یوسفزئی، پروفیسر مہتاب، محمد رئیس، سمیع اللہ فراز، وسیم راجہ، یوسف خان زئی، خرم شاہد ایڈوکیٹ، شفیق صدیقی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
