کراچی: وزیرِ محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے جمعرات کے روز سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے عثمان کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ نمازِ جنازہ میں رکنِ سندھ اسمبلی علی احمد جان، چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن مورڑو میر بحر علی اکبر جان، پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداران، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات، ٹریکر کے بغیر ہیوی گاڑیوں پر ایک لاکھ روپے جرمانے کا فیصلہ
بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی سانحہ گل پلازہ میں تاحال لاپتہ نعمت اللہ عبداللہ ولد حاجی رئیس کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی علی احمد جان، ٹاؤن چیئرمین مورڑو میر بحر علی اکبر جان اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
سعید غنی نے لاپتہ شہری کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گل پلازہ صرف ایک خاندان ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کا مشترکہ دکھ ہے۔ انہوں نے لواحقین کو یقین دلایا کہ حکومتِ سندھ اس کٹھن گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش سمیت سانحے کے حقائق سامنے لانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے درجات بلند فرمائے، لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ کو صبر و حوصلہ عطا کرے اور اس مشکل وقت کو آسان بنائے۔
