سندھ بھر میں فائر سیفٹی قوانین پر سختی، ایس بی سی اے کی 35 عمارتوں کا معائنہ، نوٹس جاری

کراچی (22 جنوری 2026): سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے صوبہ بھر میں فائر سیفٹی قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے جامع انفورسمنٹ ڈرائیو کا آغاز کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر سندھ کے تمام ریجنز میں فائر سیفٹی نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں، جس سے واضح کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی صرف کراچی تک محدود نہیں رہے گی۔

سانحہ گل پلازہ: صوبائی وزیر سعید غنی کی نمازِ جنازہ میں شرکت، لاپتہ شہری کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت

ایس بی سی اے کے مطابق تمام علاقائی دفاتر کو رہائشی اور کمرشل عمارتوں کے تفصیلی معائنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے مزمل حسین ہالیپوٹو نے بتایا کہ فائر سیفٹی قوانین کے نفاذ کے لیے خصوصی تکنیکی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو عمارتوں میں فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی ایگزٹس، فائر الارم سسٹمز اور مجموعی ایمرجنسی تیاری کا جائزہ لے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد معائنے کے عمل کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں 35 رہائشی اور کمرشل عمارتوں کا معائنہ مکمل کیا جا چکا ہے، جہاں فائر سیفٹی انتظامات غیر فعال یا ناکافی پائے گئے، وہاں بلڈنگ مالکان اور مینجمنٹ کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کیا کہ مقررہ مدت میں فائر سیفٹی آلات کی تنصیب اور حفاظتی اقدامات مکمل نہ کیے گئے تو عمارتوں کو سیل کرنے سمیت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فائر سیفٹی کی ذمہ داری بلڈرز، بلڈنگ اونرز اور یونینز پر مشترکہ طور پر عائد ہوتی ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید بتایا گیا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سروے میں شامل 266 عمارتوں سمیت دیگر اہم رہائشی و کمرشل عمارتوں کو بھی فائر سیفٹی نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔ ایس بی سی اے کے مطابق کے ایم سی اور سول ڈیفنس کے تعاون سے صوبہ بھر میں فائر سیفٹی نظام کو مضبوط بنانے کا عمل جاری رہے گا تاکہ مستقبل میں کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔

67 / 100 SEO Score

One thought on “سندھ بھر میں فائر سیفٹی قوانین پر سختی، ایس بی سی اے کی 35 عمارتوں کا معائنہ، نوٹس جاری

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!