سخت موسمی حالات اور شدید برفباری کے باوجود نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) ملک میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ این ایل سی اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث قومی ترقی میں ایک اہم اور قابلِ فخر ادارے کے طور پر نمایاں مقام رکھتا ہے۔
کیماڑی سائٹ اے پولیس کی کارروائی، منشیات کی ترسیل میں ملوث ملزم گرفتار
این ایل سی کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں درہ خنجراب کے راستے ہمہ موسمی قومی تجارت دوسرے سال بھی کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ شدید موسم کے باوجود این ایل سی ڈرائی پورٹ سوست مکمل طور پر فعال ہے اور درآمد و برآمدی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔
سال بھر تجارتی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لیے این ایل سی کی جانب سے جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ تجارت کی رفتار بڑھانے کے لیے جدید اسکینرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سوست ڈرائی پورٹ پر وزن کے کانٹوں کی تنصیب اور سامان کی حفاظت کے لیے گوداموں میں توسیع بھی کی گئی ہے۔
پاک چین سرحد پر جدید سہولیات کی فراہمی کے باعث سخت موسمی حالات کے باوجود تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر کے مہینے میں این ایل سی ڈرائی پورٹ سوست کے ذریعے 12 ہزار میٹرک ٹن درآمدی و برآمدی سامان کی ترسیل کی گئی۔
اسی طرح جنوری 2026 کے پہلے دو ہفتوں کے دوران 4,860 میٹرک ٹن سے زائد درآمدی و برآمدی کنٹینرز کی کلیئرنس مکمل کی گئی۔ این ایل سی اور چینی اداروں کے باہمی اشتراک سے دور دراز علاقوں اور وسطی ایشیا تک بھی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔
این ایل سی کے مطابق سوست ڈرائی پورٹ نہ صرف تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بن چکی ہے بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کے لیے روزگار کے مستقل مواقع بھی فراہم کر رہی ہے۔
