گل پلازہ آتشزدگی: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا جائے وقوعہ کا دورہ، ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گل پلازہ میں ہونے والی شدید آتشزدگی کے واقعے پر انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس، ریسکیو اور فائر بریگیڈ حکام سے ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔

گل پلازہ آتشزدگی: 60 افراد لاپتہ، 6 جاں بحق، وزیراعلیٰ سندھ کا جائے وقوعہ کا دورہ

ایس ایس پی سٹی نے آئی جی سندھ کو آگ بجھانے اور متاثرین کو نکالنے کے لیے کیے گئے مشترکہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ نے پولیس اور ریسکیو اداروں کی مشترکہ کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ریسکیو آپریشن کو مزید مؤثر اور تیز کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں مشترکہ طور پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور جب تک علاقے کو مکمل طور پر محفوظ قرار نہیں دیا جاتا، آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی ابتدائی وجہ ممکنہ طور پر سرکٹ بریکر کا خراب ہونا ہوسکتی ہے، تاہم حتمی وجہ کا تعین کولنگ کے عمل اور تکنیکی جانچ مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی سٹی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے اور رات سے جاری ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ آگ کی شدت کے باعث پلازہ میں قائم تقریباً 1200 دکانیں، بیسمنٹ اور کیمپ ایریا شدید متاثر ہوئے ہیں۔

آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ علاقے میں سیکیورٹی کو سخت کر کے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں تاکہ ریسکیو کارروائیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ اس سانحے میں پانچ شہری جاں بحق ہوئے جبکہ ایک فائر فائٹر ریسکیو آپریشن کے دوران اپنی جان کی بازی ہار گیا۔

آئی جی سندھ نے شہید فائر فائٹر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بہادر اہلکار نے انسانی جانیں بچانے کے لیے اپنی جان قربان کی، جو ایک عظیم قربانی ہے۔ انہوں نے تمام فائر فائٹرز کو سلام اور شاباش پیش کرتے ہوئے ان کی جرات اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔

انہوں نے واضح کیا کہ آگ پر مکمل قابو پانے اور کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد واقعے کی باقاعدہ انکوائری شروع کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔

60 / 100 SEO Score

One thought on “گل پلازہ آتشزدگی: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا جائے وقوعہ کا دورہ، ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!