تھانہ الفلاح پولیس نے ملیر ندی بند کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک زخمی ڈکیت سمیت دو اسٹریٹ کرمنل ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
گل پلازہ آتشزدگی سندھ رینجرز بھی ریسکیو آپریشن میں شامل، عمارت کے اطراف سیکیورٹی سخت
پولیس اور ملزمان کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں جبکہ اس کا ساتھی گرفتار کر لیا گیا، تاہم ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت دانش ولد شمس الدین انصاری (زخمی) اور حارث ولد محمد وسیم کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور پستول بمعہ راؤنڈز، موٹر سائیکل، پرس اور ایک موبائل فون برآمد کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم دانش مختلف علاقوں میں ڈکیتی سمیت سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق دانش کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 611/2024 اور 612/2024 بجرم دفعہ 397/34 تعزیراتِ پاکستان جبکہ مقدمہ الزام نمبر 616/2024 بجرم دفعہ 23(i)a سندھ اسلحہ ایکٹ درج ہے۔
زخمی ملزم کو فوری طور پر علاج و معالجے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے شعبۂ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
