ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی شدید آتشزدگی کے بعد سندھ رینجرز کے جوان بھی ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ کی خصوصی ہدایت پر چاق و چوبند دستے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
چابہار پورٹ سے علیحدگی پر مودی حکومت شدید تنقید کی زد میں، کانگریس کا ’’ٹرمپ کے آگے سرینڈر‘‘ کا الزام
ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ رینجرز کے افسران اور جوان فائر بریگیڈ کے عملے کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں اور ریسکیو آپریشن میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ فائر ٹینڈرز کے ساتھ ساتھ رینجرز اہلکار پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور قیمتی سامان کی حفاظت کو یقینی بنانے میں بھی مصروف ہیں۔
واقعے کے بعد متاثرہ عمارت اور اطراف کے علاقوں کو کارڈن آف کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق امدادی آپریشن مکمل ہونے تک رینجرز کے افسران اور جوان جائے وقوعہ پر موجود رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریسکیو کارروائیوں میں اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنا ہے۔

