کراچی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے باغِ جناح میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ دونوں صوبوں میں ان کی جماعت کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا، تاہم اس کے باوجود عوامی طاقت کے ذریعے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
کراچی: گلبرگ میں پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کا مقابلہ، ایک زخمی، ایک گرفتار، ایک فرار
انہوں نے کہا کہ سندھ کی عوام اور بالخصوص کراچی کے شہریوں کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں جنہوں نے تمام رکاوٹوں کے باوجود جلسے کو کامیاب بنایا۔ عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ بغیر سہولیات کے بھی کامیاب جلسہ کیا جا سکتا ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ عمران خان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، وہ آج کا مجمع دیکھ لیں۔ جس دن عمران خان نے پیغام دیا، عوام سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت نے جلسے میں رکاوٹیں ڈالیں، تاہم عوام نے تمام رکاوٹیں ہٹا کر جلسہ کامیاب بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج لاکھوں کے مجمع نے ثابت کر دیا کہ کراچی کی نمائندہ جماعت پاکستان تحریک انصاف ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جو لوگ جمہوریت کے دعویدار تھے وہ جمہوریت پسند ثابت نہیں ہوئے۔ سندھ حکومت پر سندھی ٹوپی اور اجرک کی بے حرمتی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عوام اس رویے کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے دیگر قوتوں کے ساتھ مل کر آئین کے ڈھانچے کو نقصان پہنچایا اور سندھ میں آمریت قائم ہے۔ عوام ڈی چوک جانے کے لیے تیار ہیں اور صرف عمران خان کی کال کا انتظار ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ عوام کے حقوق سلب کرے یا قوم کے لیڈر کو بلاجواز جیل میں رکھے۔ جب بھی عمران خان کا حکم ہوگا، کارکنان اسی کے مطابق عمل کریں گے۔
