کراچی: صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے جلسے میں رکاوٹیں ڈالنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم عوام نے تمام رکاوٹیں ہٹا کر جلسے کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سندھی ٹوپی اور اجرک کی بے حرمتی کی گئی۔
نمائش چورنگی پر خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ آج مختلف مقامات پر پولیس گردی کی گئی، اس کے باوجود عوام بڑی تعداد میں یہاں پہنچے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا اور سندھ میں بھی یہی رویہ اختیار کیا گیا، تاہم اب اگلا پڑاؤ خیبرپختونخوا میں ہوگا، جہاں سے اسٹریٹ موومنٹ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کا پیغام ملک بھر میں پہنچایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں، عوام نے نکل کر ثابت کر دیا ہے کہ جو لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاست ختم ہو چکی ہے، وہ آج کا منظر خود دیکھ لیں۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ جو لوگ خود کو جمہوریت کا علمبردار کہتے ہیں، وہ جمہوریت پسند ثابت نہیں ہوئے۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی نے دیگر قوتوں کے ساتھ مل کر آئین کے ڈھانچے کو نقصان پہنچایا ہے اور سندھ میں پیپلز پارٹی کی آمریت قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام ڈی چوک جانے کے لیے تیار ہیں اور صرف بانی پی ٹی آئی کی کال کا انتظار ہے۔ ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ عوام کے حقوق سلب کرے یا قوم کے لیڈر کو بلاجواز جیل میں رکھا جائے۔
