کراچی میں اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو)/سی آئی اے اور ٹاسک فورس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی انتہائی مہلک منشیات ویڈ برآمد کرلی۔ ایس ایس پی ایس آئی یو عمران خان کے مطابق کارروائی کے دوران 382 گرام ویڈ برآمد کی گئی، جس کی عالمی منڈی میں مالیت 30 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
صنعتی علاقوں میں امن و امان کے لیے ٹاسک فورس متحرک، بھتہ خوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا اعلان
حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت فرحان عرف فیضی کے نام سے ہوئی ہے، جو شہر کے پوش علاقوں میں منشیات کی ترسیل میں ملوث تھا۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزم سوشل ایپلیکیشنز کے ذریعے منشیات کی آن لائن ڈیلیوری کرتا تھا اور کالجز و یونیورسٹیز کے طلباء کو بھی منشیات فروخت کرتا رہا ہے۔
ایس ایس پی عمران خان نے بتایا کہ ملزم شہر میں ویڈ کے علاوہ کوکین، آئس اور کرسٹل جیسی خطرناک منشیات بھی سپلائی کرتا تھا۔ گرفتار ملزم کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
