کراچی میں ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایت پر قائم کردہ ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد صنعتی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا اور فیکٹری مالکان کو مکمل تحفظ فراہم کرنا تھا۔
اجلاس میں ایس ایس پی ملیر، ایس ایس پی ایسٹ، ایس ایس پی کورنگی، ایس ایس پی ایس آئی او/سی آئی اے، ڈی ایس پی کورنگی اور ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا نے شرکت کی۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن (کاٹی) کے صدر محمد اکرم راجپوت سمیت دیگر عہدیداران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کورنگی اور ملیر کے صنعتی علاقوں میں درپیش سیکیورٹی مسائل سے ڈی آئی جی ایسٹ زون کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھتہ خوری، فیکٹری مالکان کو ہراساں کرنا اور ناجائز مطالبات منوانے کے لیے بلیک میلنگ جیسے سنگین مسائل موجود ہیں۔
ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی نے ہدایت کی کہ صنعتی علاقوں میں پولیس گشت کو مزید مؤثر بنایا جائے، مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور فیکٹری مالکان کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھتہ خوروں، بلیک میلرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹاسک فورس فیلڈ میں عملی اقدامات کرے گی، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں تیز کی جائیں گی اور قانون شکن عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ صنعتکاروں کے ساتھ مستقل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ڈی آئی جی ایسٹ زون نے کاٹی کے عہدیداران کو یقین دلایا کہ پولیس 24 گھنٹے رابطے میں رہے گی اور صنعتی علاقوں کے سیکیورٹی مسائل کو اولین ترجیح دے کر فوری حل کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈی ایس پی کورنگی خوشنود جاوید کو کمیٹی کا فوکل پرسن مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

