نیویارک/کاراکاس: رپورٹس کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اتوار کے روز نیویارک کے ایک حراستی مرکز میں موجود تھے، جہاں انہیں ایک ڈرامائی امریکی کارروائی کے بعد منتقل کیا گیا۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مادورو کی گرفتاری اور وینزویلا پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے کارروائی کی ہدایت دی، جس کا مقصد ملک کے وسیع تیل کے ذخائر تک رسائی بتایا جا رہا ہے۔
لکی مروت اور بنوں میں دہشت گرد حملے، ٹریفک پولیس کے تین اہلکار اور ایک کانسٹیبل شہید
اطلاعات کے مطابق ہفتے کی صبح کارروائی کے دوران دارالحکومت کاراکاس کے بعض علاقوں میں بجلی منقطع ہوئی اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ کہا گیا ہے کہ امریکی اسپیشل فورسز نے نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو حراست میں لے کر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ساحل کے قریب ایک امریکی بحری جہاز تک منتقل کیا، جہاں سے انہیں امریکا روانہ کیا گیا۔
فلوریڈا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اس وقت تک وینزویلا کے معاملات دیکھے گا جب تک محفوظ، مناسب اور منصفانہ انتقالِ اقتدار ممکن نہیں ہو جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ مادورو پر منشیات کی ترسیل میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کرتی رہی ہے اور اسی تناظر میں کیریبین میں فوجی دباؤ بڑھایا گیا۔
نیویارک پہنچنے کے بعد مادورو کو سخت سیکیورٹی میں بروکلین کے میٹروپولیٹن ڈیٹینشن سینٹر منتقل کیا گیا۔ امریکی حکام کی جانب سے جاری تصاویر میں مادورو کو دورانِ پرواز ہتھکڑیاں اور آنکھوں پر پٹی لگائے دکھایا گیا، جبکہ بعد ازاں انہیں امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے دفاتر میں بھی دیکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق نارکو دہشت گردی کی سازش سمیت متعدد وفاقی الزامات کے تحت فردِ جرم عائد ہونے کے بعد مادورو کو پیر کے روز مین ہیٹن کی وفاقی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے اس کارروائی کو اغوا قرار دیتے ہوئے مادورو اور سیلیا فلورس کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ نکولس مادورو ہی وینزویلا کے واحد صدر ہیں۔ وینزویلا کی ایک عدالت کی جانب سے روڈریگز کو عبوری ذمہ داریاں سونپنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
ٹرمپ نے یہ عندیہ بھی دیا کہ امریکی فوجی وینزویلا میں تعینات کیے جا سکتے ہیں، جبکہ انہوں نے وینزویلا کے تیل کے ذخائر میں امریکی کمپنیوں کی شمولیت اور انفرااسٹرکچر کی بحالی کا اعلان بھی کیا۔
