کراچی: شہر قائد میں نئے سال 2026 کے آغاز پر بعض افراد کی غیر ذمہ دارانہ حرکات نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ اور لاپرواہی کے واقعات کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد زخمی ہو کر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیے گئے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی قوم کو نئے سال 2026 کی مبارکباد
زخمیوں میں مرد، خواتین، بچے اور نوجوان شامل ہیں، جنہیں شہر کے مختلف علاقوں سے طبی امداد کے لیے لایا گیا۔ چنیسر گوٹھ، گولیمار، نیو سبزی منڈی، کورنگی، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، جوہر موڑ، لیاری، لائنز ایریا اور صفورا سمیت دیگر علاقوں میں فائرنگ اور دیگر بیوقوفانہ حرکات کے باعث شہری زخمی ہوئے۔
زخمیوں میں 11 سالہ مہ جبین، 8 سالہ فریحہ اور 16 سالہ شام کمار سمیت کم عمر بچے بھی شامل ہیں، جبکہ کئی خواتین بھی نشانہ بنیں۔ بزرگ شہری حاجی ظہیر (65 سال) بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔
طبی ذرائع کے مطابق بیشتر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم واقعات نے ایک بار پھر سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے سنگین نتائج کو اجاگر کر دیا ہے۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ قیمتی جانیں محفوظ رہ سکیں۔
