کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نئے سال 2026 کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیا سال ہمارے لیے نئے عزم، عوامی خدمت اور ترقی کے نئے مواقع لے کر آیا ہے۔
نئے سال 2026 کا پُرجوش آغاز، ملک بھر میں آتشبازی اور تقریبات
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سال 2025 کے دوران صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور بنیادی سہولیات کے شعبوں میں نمایاں اور گراں قدر اقدامات کیے، جن کے مثبت اثرات شہری اور دیہی علاقوں میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور وسائل کے استعمال سے طبی سہولیات کی رسائی کو بہتر بنایا گیا، تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر علاج میسر آ سکے۔
سینئر وزیر نے امید ظاہر کی کہ سال 2026 عوام کے لیے امید، محنت اور ترقی کا پیغام ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی زندگی کو سہل بنانا اور روزمرہ کے مسائل میں کمی لانا سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوام کی خدمت کے لیے ہر لمحہ قابلِ قدر بنائے گی اور سب مل کر ایک خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ سندھ کی بنیاد رکھیں گے۔