کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے سال 2025 میں شہر کے فراہمی و نکاسی آب کے نظام میں غیر معمولی بہتری اور تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ادارے کی جاری کردہ تفصیلی رپورٹ کے مطابق پرانی حب کینال کی مکمل بحالی، نئی حب کینال کے میگا منصوبے اور ایل ایس آر پمپنگ اسٹیشنز پر اضافی پمپس کی تنصیب کے نتیجے میں شہر کو یومیہ کروڑوں گیلن اضافی پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
ناظم آباد میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن پھول گلی بحال
نئی حب کینال کی مکمل بحالی کے بعد روزانہ 40 ملین گیلن اضافی پانی کی فراہمی ممکن ہوئی ہے، جبکہ پرانی حب کینال کا میگا منصوبہ بھی آخری مراحل میں داخل ہے۔ ایل ایس آر پمپنگ اسٹیشن پر جدید پمپس کی تنصیب سے لیاری، جمشید روڈ، اولڈ سٹی ایریا اور گلشنِ اقبال سمیت متعدد علاقوں کو روزانہ 40 سے 50 لاکھ گیلن اضافی پانی ملے گا۔
سیوریج نظام کی بہتری کے لیے جدید سکشن اور جیٹنگ مشینوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا جبکہ شہر بھر میں 80 ہزار نئے مین ہول کورز نصب کیے گئے ہیں۔ ہارون آباد اور ملیر میں نئے پارکنگ زون قائم کیے جا رہے ہیں اور کارساز، سخی حسن، سائٹ اور ہارون آباد میں جدید کسٹمر سروس سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
واٹر کارپوریشن پولیس اسٹیشن اور خصوصی ٹربیونل کے قیام سے پانی چوری کے خلاف کارروائی میں تیزی آئی ہے۔ پچھلے سال 127 آپریشنز میں 104 غیر قانونی ہائیڈرینٹس، 24 سب سوائل نیٹ ورکس اور 183 غیر قانونی کنکشنز ختم کیے گئے جبکہ 96 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، سی ای او احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداللہ خان کی نگرانی میں شہر کے لیے ایک پائیدار اور جدید واٹر سسٹم کے قیام کا سفر جاری ہے، جس سے شہری سہولیات میں نمایاں بہتری اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

