کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر ناظم آباد کی معروف پھول گلی میں صبح سویرے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا۔ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد کی نگرانی میں انجام دی گئی، جس میں کے ایم سی انتظامیہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی عوام کو سالِ نو کی مبارکباد حفاظتی اقدامات کا اعلان
آپریشن کے دوران تجاوزات شدہ ڈھانچوں کو پہلے سے نشانات لگا کر مسمار کیا گیا جبکہ غیر قانونی تعمیرات میں استعمال ہونے والا سامان اور دیگر مواد ضبط کر لیا گیا۔ مزاحمت کرنے پر تین افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ ناظم آباد میں غیر قانونی تجاوزات میں روز بروز اضافہ ہو رہا تھا، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، اسی لیے سخت ایکشن لینا ناگزیر تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پھول گلی ناظم آباد کی اہم شناخت ہے اور اسے اس کی اصل حالت میں بحال کرنا ضروری تھا۔
سید حسن نقوی نے مزید کہا کہ آپریشن کے بعد پھول گلی کو اس کی مقررہ چوڑائی کے مطابق مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے اور آئندہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے مستقل نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔ کسی کو بھی دوبارہ غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

